اندھیری رات 8 اگست 1963 ایک رائل میل ٹرین گلاسگو سے لندن جا رہی تھی۔ ٹرین میں لاکھوں پاؤنڈ موجود تھے، لیکن کسی کو اندازہ نہیں تھا کہ چند گھنٹوں بعد یہ سفر برطانیہ کی تاریخ کی سب سے مشہور ٹرین ڈکیتی بن جائے گا۔
رات تقریباً تین بجے ٹرین سیئرز کراسنگ کے قریب پہنچی تو اچانک سگنل سرخ ہوگیا۔ ڈرائیور جیک ملز حیران ہوا، کیونکہ اس جگہ عام طور پر ٹرین کو رکنے کی ضرورت نہیں تھی۔ پھر بھی اس نے فوراً بریک لگائی اور ٹرین سنسان راستے میں رک گئی۔
جیک کو کیا معلوم تھا کہ یہ سرخ سگنل ایک خطرناک منصوبے کا حصہ ہے۔
کچھ دیر پہلے ڈاکوؤں نے سگنل کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرکے اسے سرخ کردیا تھا۔ ساتھ ہی ریلوے کا ٹیلی فون بھی کاٹ دیا گیا تھا، تاکہ ڈرائیور کسی سے رابطہ نہ کر سکے۔
جیسے ہی ٹرین رکی، جھاڑیوں سے ڈاکو نکل آئے۔ اسسٹنٹ ڈرائیور ٹیلی فون چیک کرنے نیچے اترا تو اسے قابو کرلیا گیا۔ پھر چند ڈاکو انجن میں داخل ہوئے۔ ڈرائیور جیک ملز نے مزاحمت کی تو ایک ڈاکو نے اس کے سر پر لوہے کی سلاخ دے ماری، جس سے وہ بے ہوش ہوگیا۔
اب ڈاکوؤں نے اپنے اصل منصوبے پر عمل شروع کردیا۔
ٹرین کے پہلے دو ڈبوں کو باقی ٹرین سے الگ کردیا گیا۔ ان کا مقصد پوری ٹرین کو تقریباً ایک کلومیٹر دور موجود برج تک لے جانا تھا، جہاں ان کا ٹرک پہلے سے تیار کھڑا تھا۔
لیکن یہاں منصوبے میں ایک مشکل پیدا ہوگئی۔ ڈاکو اپنے ساتھ ایک ریٹائرڈ ریلوے ڈرائیور لائے تھے، مگر وہ اس خاص انجن کو چلانا نہیں جانتا تھا۔ آخرکار انہوں نے زخمی ڈرائیور جیک ملز کو ہوش میں لایا اور اسے مجبور کیا کہ ٹرین کو برج تک لے جائے۔
برج پر پہنچتے ہی ڈاکو ہائی ویلیو پیکیجز والے ڈبے میں داخل ہوگئے۔ اندر موجود عملے کو قابو کرکے باندھ دیا گیا۔ اس ڈبے میں نقد رقم سے بھری ہوئی 128 بوریاں موجود تھیں۔
یہ رقم عام دنوں سے کئی گنا زیادہ تھی۔ پچھلے ہفتے بینک ہالیڈے ہونے کی وجہ سے اس رات تقریباً تیس لاکھ پاؤنڈ ٹرین میں موجود تھے۔
ڈاکوؤں کے پاس زیادہ وقت نہیں تھا۔ انہوں نے جلدی سے ایک انسانی زنجیر بنائی اور بوریاں ایک دوسرے کے ہاتھوں سے گزارتے ہوئے ٹرک میں ڈالنا شروع کردیں۔ تقریباً پندرہ منٹ میں وہ 120 بوریاں ٹرک میں بھر چکے تھے۔
صرف آٹھ بوریاں وہیں رہ گئیں۔
ڈاکو کامیابی سے رقم لے کر فرار ہوگئے۔ ان کے پاس دو گاڑیاں بھی تھیں، جن پر ایک ہی نمبر پلیٹ لگا رکھی تھی تاکہ پولیس کو گمراہ کیا جا سکے۔
تقریباً پینتالیس منٹ بعد وہ ایک خفیہ ٹھکانے پر پہنچے، جو ڈکیتی کی جگہ سے کئی کلومیٹر دور تھا۔ وہاں پہنچ کر انہیں یقین تھا کہ ان کا منصوبہ کامیاب ہوچکا ہے۔ کچھ دیر بعد تو وہ لوٹی ہوئی رقم سے مشہور کھیل مونوپولی بھی کھیلنے لگے۔
لیکن ان کی یہ خوشی زیادہ دیر قائم نہ رہ سکی۔
پولیس کو ڈکیتی کی اطلاع مل چکی تھی اور ڈاکو ریڈیو کے ذریعے پولیس کی گفتگو بھی سن رہے تھے۔ انہیں معلوم ہوا کہ پولیس ایک بڑے علاقے میں ان کی تلاش کر رہی ہے۔
ڈاکو گھبرا گئے۔ انہوں نے اپنا ٹھکانہ جلد چھوڑنے کا فیصلہ کیا اور رقم آپس میں تقسیم کرلی۔ جانے سے پہلے انہوں نے گھر سے اپنی انگلیوں کے نشانات مٹانے کی کوشش بھی کی۔
انہیں یہ بھی امید تھی کہ ٹھکانہ جلا دیا جائے گا تاکہ کوئی ثبوت باقی نہ رہے، لیکن جس شخص کو یہ کام سونپا گیا تھا وہ پیسے لے کر وہاں سے چلا گیا اور گھر جلایا ہی نہیں۔
یہی غلطی بعد میں ان کے لیے بہت مہنگی ثابت ہوئی۔
پولیس کو اطلاع ملی کہ ڈکیتی والی صبح اس فارم ہاؤس کے آس پاس غیر معمولی سرگرمی دیکھی گئی تھی۔ پولیس نے فوراً وہاں چھاپہ مارا اور اندر سے کئی اہم شواہد برآمد کرلیے۔
سب سے اہم ثبوت ایک مونوپولی بورڈ تھا۔
ڈاکو کھیلتے وقت اس پر اپنے ہاتھوں کے نشانات چھوڑ گئے تھے۔ پولیس نے ان انگلیوں کے نشانات کو اپنے ریکارڈ سے ملایا تو کئی ڈاکوؤں کی شناخت ہوگئی۔
چند ہی دنوں میں پولیس نے گروہ کے زیادہ تر افراد کو گرفتار کرلیا۔
اس پورے منصوبے میں ایک اور راز بھی تھا۔ ڈاکوؤں کو رائل میل کے ایک اندرونی شخص سے اہم معلومات ملی تھیں۔ اسی شخص نے انہیں بتایا تھا کہ اس رات ہائی ویلیو پیکیجز والے ڈبے میں غیر معمولی رقم موجود ہوگی اور حفاظتی نظام والا ڈبہ استعمال میں نہیں ہوگا۔
اس شخص کی شناخت کبھی سامنے نہیں آسکی۔
عدالت نے ڈکیتی میں ملوث زیادہ تر افراد کو طویل قید کی سزائیں سنائیں۔ یہ واقعہ اتنا مشہور ہوا کہ جس پل کے قریب ٹرین لوٹی گئی تھی، وہ بعد میں ٹرین ڈاکوؤں کے پل کے نام سے مشہور ہوگیا۔
لیکن اس پوری واردات کا سب سے افسوسناک انجام ٹرین کے ڈرائیور جیک ملز کا ہوا۔ سر پر لگنے والی چوٹ کے بعد وہ دوبارہ کبھی اپنی ملازمت پر واپس نہ جاسکے۔ چند سال بعد وہ دنیا سے رخصت ہوگئے۔
ڈاکو لاکھوں پاؤنڈ لے کر فرار ہونے میں کامیاب تو ہوگئے تھے، لیکن آخرکار ان کی اپنی ایک چھوٹی سی غلطی نے پولیس کو ان تک پہنچا دیا۔ ایک معمولی سا مونوپولی کھیل، جسے وہ اپنی کامیابی کی خوشی میں کھیل رہے تھے، آخرکار ان کے خلاف سب سے بڑا ثبوت بن گیا۔
