آئینہ آنکھوں کا دھند لایا بہت
دیکھنا اس کی طرف بھایا بہت
کون کرتا اعتبار زندگی!
ہم نے دھوکا پیار میں کھایا بہت
ہم ہیں رسوا بوذری کو بھول کر
کس لیے پیاری لگی مایا بہت
قامت فکر و نظر گھٹنے لگی
پھیلتا جاتا ہے گو سایا بہت
آدمی ہے نائب خالق مگر
قہر بھی دنیا میں وہ لایا بہت
وہ زمانہ جا چکا کہتے تھے ہم
آنکھ کی ٹھنڈک ہے ہمسایہ بہت
خواب میں دیکھا حسن اس شوخ کو
بھولنا چاہا تو وہ یاد آیا بہت
کتاب: خواب دیکھا نہ کرو
شاعر: حسن عسکری کاظمی
