اب کسی بھی خواب کی تعبیر منظر میں نہیں
گھر لٹانے کا جنوں بھی اب کسی سر میں نہیں
کب کسی تخلیق میں جان ڈالنا ممکن ہوا
یہ ہنر بھی عہد مستقبل کے آزر میں نہیں
گردشِ افلاک کے ہاتھوں ستم سہتے رہے
اس کے در کی خاک ہو جانا مقدر میں نہیں
ہو چکے رسوا زمانے میں ہمیں اہل نظر
اب کوئی سامان راحت بھی کسی گھر میں نہیں
پھول سے چہرے بھی کھلائے ہوئے ہیں ان دنوں
حسن دو روزہ کے بھی آثار اکثر میں نہیں
مضحل تو ہو چکا غیر عمل کا سلسلہ
اب لحاظ آدمیت قوت شر میں نہیں
ظلمتِ شب میں کمی کیسے بھلا آئے حسن
روشنی پہلی سی اب تو ماہ و اختر میں نہیں
کتاب: خواب دیکھا نہ کرو
شاعر: حسن عسکری کاظمی
