دوسری جنگِ عظیم کے دوران جرمن فوج اپنے ہر خفیہ پیغام کو ایک ایسی مشین کے (جسے آج ہم کمپیوٹر کہتے ہیں) ذریعے کوڈ میں تبدیل کرتی تھی جسے توڑنا ناممکن سمجھا جاتا تھا۔ اس مشین کا نام اینیگما تھا۔ ہر روز لاکھوں فوجیوں کی زندگیاں، آبدوزوں کے حملے اور جنگی منصوبے اسی کوڈ کے پیچھے چھپے رہتے تھے۔ برطانیہ کے ایک خفیہ مرکز بلیچلے پارک میں ریاضی دان ایلن ٹیورنگ کو اس ناقابلِ شکست کوڈ کو توڑنے کی ذمہ داری سونپی گئی۔ پولینڈ کے ریاضی دان ماریان ریوسکی اور ان کے ساتھی جنگ شروع ہونے سے پہلے ہی اینیگما کی ساخت کو سمجھنے میں اہم پیش رفت کر چکے تھے۔
اسی بنیاد پر آگے بڑھتے ہوئے ٹیورنگ نے ایک بڑی برقی و میکانی مشین تیار کی جسے بومب کہا گیا۔ یہ مشین کوڈ کی ہر ممکنہ ترتیب کو تیزی سے جانچ کر درست ترتیب تلاش کر لیتی تھی۔ بعد میں یہ مشین روزانہ ہزاروں جرمن پیغامات کو سمجھنے لگی۔ تاریخ دانوں کے مطابق اس کامیابی نے جنگ کو دو سال سے زیادہ عرصے تک مختصر کرنے میں مدد دی اور لاکھوں جانیں بچیں۔
اسی دور میں بلیچلے پارک میں ایک اور انقلابی مشین بنائی گئی جسے کولوسس کہا جاتا تھا۔ انجینئر ٹومی فلاورز نے اسے جرمن فوج کے ایک اور زیادہ پیچیدہ کوڈ، لورینز سائفر، کو توڑنے کے لیے تیار کیا تھا۔ کولوسس کو آج دنیا کی پہلی قابلِ پروگرام برقی ڈیجیٹل مشینوں میں شمار کیا جاتا ہے اور اسے جدید کمپیوٹر کا ایک اہم پیش رو سمجھا جاتا ہے۔ لیکن جنگ ختم ہونے کے بعد برطانوی حکومت نے اس پوری کامیابی کو کئی دہائیوں تک خفیہ رکھا۔ جس شخص نے اس کامیابی میں بنیادی کردار ادا کیا، اسی ایلن ٹیورنگ کو چند سال بعد اپنی نجی زندگی کی وجہ سے قانونی کارروائی اور سخت سلوک کا سامنا کرنا پڑا اور 1954 میں ان کی موت ہو گئی۔
یہ کہانی کمپیوٹر کی ہے۔ اس مشین کی جو کبھی صرف حساب کتاب کرنے کے لیے بنائی گئی تھی اور آج انسانی سوچ، فیصلوں اور روزمرہ زندگی کا حصہ بن چکی ہے۔ لیکن کمپیوٹر کی یہ کہانی ٹیورنگ سے ہزاروں سال پہلے شروع ہوتی ہے، انسان کی ایک بنیادی ضرورت سے، یعنی حساب کتاب رکھنے کی ضرورت سے۔ اب حالات یہ ہیں کہ کبھی کبھی لگتا ہے کہ کمپیوٹر کے بغیر زندگی نہ ممکن سی ہو گئی ہے، گھر ہو یا دفتر، دوکان ہو یا کوئی بھی کاروبار کمپیوٹر کے بغیر ادھورے ہیں۔ واپس اپنی کمپیوٹر کہانی پر اتے ہیں۔
تقریباً چار ہزار سال پہلے میسوپوٹیمیا کی تہذیب میں لوگوں نے ایک فریم میں پروئے ہوئے موتیوں کی مدد سے گنتی کرنے کا ایک آلہ بنایا جسے آج ہم اباکس کے نام سے جانتے ہیں۔ یہ خیال اتنا کامیاب ثابت ہوا کہ بعد میں چین میں بھی اس کا ایک الگ انداز تیار کیا گیا، جو صدیوں تک تاجروں اور حساب کتاب رکھنے والوں کے لیے ایک قابلِ اعتماد آلہ رہا۔
لیکن گنتی سے آگے بڑھ کر قدیم یونان میں ایک ایسی مشین بھی بنائی گئی جو آج تک سائنس دانوں کو حیران کرتی ہے۔ 1901 میں ایک ڈوبے ہوئے جہاز کے ملبے سے سمندر کی تہہ میں ایک انتہائی پیچیدہ کانسی کا آلہ ملا جسے اینٹی کیتھیرا میکانزم کہا جاتا ہے۔ تقریباً دو ہزار سال پرانا یہ آلہ آپس میں جڑے ہوئے درجنوں گیئرز کی مدد سے سورج، چاند اور سیاروں کی پوزیشن کا حساب لگا سکتا تھا۔ یہاں تک کہ یہ سورج اور چاند گرہن کی پیش گوئی بھی کر سکتا تھا۔ یہ آلہ اتنا ترقی یافتہ تھا کہ اگلے ایک ہزار سال سے بھی زیادہ عرصے تک اس جیسی کوئی اور مشین نظر نہیں آئی۔ ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے انسانی تہذیب نے کچھ لمحوں کے لیے مستقبل کی جھلک دیکھی اور پھر وہ علم وقت کی گرد میں کہیں کھو گیا۔
جدید کمپیوٹر کی اصل بنیاد انیسویں صدی میں برطانوی ریاضی دان چارلس بیبیج نے رکھی۔ اس سے چند دہائیاں پہلے فرانس کے انجینئر جوزف میری جیکارڈ نے ایک ایسا کھڈی نما آلہ بنایا تھا جو سوراخ کیے گئے کارڈز کو پڑھ کر خودکار طور پر پیچیدہ بنائی کے نمونے تیار کر سکتا تھا۔ ہر کارڈ پر موجود سوراخ یہ طے کرتے تھے کہ دھاگا کس سمت جائے گا۔ یہی خیال بعد میں کمپیوٹر کے بنیادی تصور کا حصہ بنا کہ کسی مشین کو کارڈ پر درج ہدایات کے ذریعے مختلف کام کرنے کا حکم دیا جا سکتا ہے۔
بیبیج ریاضی کی جدولوں میں انسانی غلطیوں سے بہت پریشان تھا، اس لیے اس نے ایک ایسی مشین بنانے کا فیصلہ کیا جو خود درست حساب کر سکے۔ اس نے اسے ڈفرینس انجن کا نام دیا۔ لیکن بیبیج کا اصل خواب اس سے کہیں بڑا تھا۔ اس نے ایک دوسری مشین کا تصور پیش کیا جسے اینالیٹیکل انجن کہا گیا۔ اس میں ایک ایسا حصہ تھا جو آج کے پروسیسر کی طرح کام کرتا، ایک ایسا حصہ تھا جو آج کی میموری کی طرح معلومات محفوظ رکھتا اور اسے جیکارڈ کی کھڈی کی طرح پنچ کارڈز کے ذریعے مختلف ہدایات دی جا سکتی تھیں۔ بدقسمتی سے اس دور کی ٹیکنالوجی اتنی پیچیدہ اور مہنگی مشین بنانے کے لیے تیار نہیں تھی اور بیبیج اپنی زندگی میں یہ مشین مکمل نہ کر سکا۔
لیکن اسی نامکمل مشین کے ساتھ ایک ایسا نام جڑا جسے آج تاریخ کی پہلی کمپیوٹر پروگرامر کہا جاتا ہے۔ شاعر لارڈ بائرن کی بیٹی ایڈا لولیس ریاضی میں غیر معمولی صلاحیت رکھتی تھیں۔ جب ایک اطالوی انجینئر نے بیبیج کے اینالیٹیکل انجن پر ایک مضمون لکھا تو ایڈا نے اس کا ترجمہ کرتے ہوئے اپنے تفصیلی نوٹس بھی شامل کیے۔ ان نوٹس میں انہوں نے ہدایات کی ایک ایسی ترتیب لکھی جس کے ذریعے یہ مشین پیچیدہ ریاضیاتی حساب کر سکتی تھی۔ اسے تاریخ کی پہلی ایسی تحریر سمجھا جاتا ہے جس میں کسی مشین کے لیے باقاعدہ پروگرام لکھا گیا تھا، وہ بھی ایسے وقت میں جب وہ مشین حقیقت میں بنی ہی نہیں تھی۔
ایڈا لولیس نے یہ بھی اندازہ لگایا تھا کہ مستقبل میں ایسی مشینیں صرف اعداد تک محدود نہیں رہیں گی۔ وہ موسیقی تخلیق کر سکتی ہیں اور تصاویر بھی بنا سکتی ہیں۔ یہ اپنے زمانے سے تقریباً ایک صدی آگے کی سوچ تھی۔
انیسویں صدی کے آخر میں حساب کتاب کا ایک اور بڑا مسئلہ سامنے آیا، یعنی امریکہ کی مردم شماری۔ 1880 کی مردم شماری کے اعداد و شمار ہاتھ سے شمار کرنے میں تقریباً آٹھ سال لگ گئے تھے اور خدشہ تھا کہ اگلی مردم شماری تک یہ معلومات پرانی ہو جائیں گی۔ ہرمن ہولریت نامی ایک انجینئر نے اس مسئلے کا حل نکالا۔ اس نے پنچ کارڈز پر مبنی ایک برقی جدول سازی مشین بنائی جو کارڈز میں موجود سوراخوں کو پڑھ کر خودکار طریقے سے گنتی کر سکتی تھی۔ 1890 کی مردم شماری کا مکمل ڈیٹا صرف چند مہینوں میں تیار ہو گیا۔ ہولریت کی کمپنی کئی انضمامات کے بعد ایک بڑی کمپنی میں تبدیل ہوئی جس کا نام انٹرنیشنل بزنس مشینز یعنی آئی بی ایم رکھا گیا۔
اب دوبارہ اسی جنگی دور کی طرف آتے ہیں جہاں سے یہ سفر شروع ہوا تھا۔ ٹیورنگ کے لیے جنگ کے دوران ہونے والی کامیابی کوئی اچانک پیدا ہونے والا خیال نہیں تھی۔ جنگ شروع ہونے سے کئی سال پہلے، 1936 میں، انہوں نے ایک ریاضیاتی تحقیقی مقالہ لکھا جس میں ایک فرضی مشین کا تصور پیش کیا گیا تھا۔ یہ مشین مقررہ اصولوں کے مطابق کسی بھی قابلِ حل حساب کو مکمل کر سکتی تھی۔ آج اسے ٹیورنگ مشین کہا جاتا ہے۔ اس نظریے نے یہ ثابت کیا کہ ایک ہی مشین مختلف ہدایات کے ذریعے بے شمار مختلف کام انجام دے سکتی ہے۔ یہی بنیادی سوچ آج کے تقریباً ہر کمپیوٹر کی بنیاد ہے۔
اسی دور میں جرمنی میں انجینئر کونراڈ زوزے اپنے گھر میں ایک ایسی مشین بنا رہا تھا جسے تاریخ دان دنیا کی پہلی مکمل خودکار اور قابلِ پروگرام ڈیجیٹل مشینوں میں شمار کرتے ہیں۔ 1941 میں مکمل ہونے والی یہ مشین، جسے زیڈ تھری کہا گیا، بائنری اعداد اور برقی و میکانی ریلے پر مبنی تھی۔ زوزے نے اپنی ایجاد جرمن حکومت کے سامنے بھی پیش کی، لیکن اس وقت کے حکام کو اس میں کوئی خاص فوجی فائدہ نظر نہیں آیا اور اسے زیادہ اہمیت نہیں دی گئی۔ 1943 میں ایک بمباری کے دوران یہ اصل مشین مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔
ٹیورنگ اور فلاورز کی مشینوں نے جنگ میں اہم کردار ادا کیا، لیکن جنگ کے فوراً بعد امریکہ میں ایک اور مشین تیار کی جا رہی تھی جو دنیا کو کمپیوٹر کی اصل طاقت دکھانے والی تھی۔ پنسلوانیا یونیورسٹی میں فوجی ضرورت کے لیے بنائی جانے والی اس مشین کا نام اینیاک تھا۔ اس میں تقریباً اٹھارہ ہزار ویکیوم ٹیوبز لگی ہوئی تھیں اور یہ ایک بڑے کمرے جتنی جگہ گھیرتی تھی۔
1946 میں جب اسے دنیا کے سامنے پیش کیا گیا تو اخبارات نے اسے برقی دماغ قرار دیا۔ لیکن اس مشین کو چلانے اور ہر نئی گنتی کے لیے اس کی پیچیدہ تاروں کو دوبارہ جوڑنے کا کام چھ خواتین ریاضی دانوں نے کیا تھا۔ ان کے نام کیتھلین میک نلٹی، جین بارٹک، فرانسس بلاس، بیٹی ہولبرٹن، مارلن میلٹزر اور روتھ ٹیٹل بام تھے۔ ان خواتین نے بغیر کسی باقاعدہ کتاب یا تربیت کے صرف مشین کے تکنیکی نقشوں کو دیکھ کر اسے پروگرام کرنا سیکھا۔ اس کے باوجود ابتدائی خبروں اور تصاویر میں ان کا ذکر تک نہیں کیا گیا۔ کئی دہائیوں بعد تاریخ دانوں کی تحقیق سے ان کے اصل کردار کو دنیا کے سامنے لایا گیا۔
اینیاک کی ایک بڑی خامی یہ تھی کہ ہر نئی گنتی کے لیے اس کی تاروں کو گھنٹوں اور بعض اوقات کئی دنوں تک ہاتھ سے دوبارہ جوڑنا پڑتا تھا۔ اس مسئلے کا حل 1945 میں ریاضی دان جان وان نیومن نے ایک تحقیقی مقالے میں پیش کیا۔ انہوں نے ایک سادہ لیکن انقلابی خیال دیا کہ پروگرام کی ہدایات اور ڈیٹا دونوں کو ایک ہی میموری میں ڈیجیٹل شکل میں محفوظ کیا جائے، تاکہ مشین کو دوبارہ تاروں سے جوڑنے کے بجائے صرف میموری میں نئی ہدایات ڈال کر نیا کام کروایا جا سکے۔ یہی تصور آج وان نیومن آرکیٹیکچر کے نام سے جانا جاتا ہے اور تقریباً ہر جدید کمپیوٹر، فون اور لیپ ٹاپ کی بنیادی ساخت کا حصہ ہے۔
اسی دور میں ایک دلچسپ واقعے نے کمپیوٹر کی دنیا کی مشہور اصطلاحات میں سے ایک کو مزید مقبول کیا۔ 1947 میں ہارورڈ مارک ٹو نامی مشین پر کام کرنے والی ٹیم میں ریاضی دان گریس ہاپر بھی شامل تھیں۔ جب مشین میں بار بار خرابی پیدا ہونے لگی تو تحقیق کے دوران مشین کے ایک ریلے کے اندر ایک حقیقی پتنگا پھنسا ہوا ملا۔ ٹیم نے اسے احتیاط سے نکالا اور اپنی لاگ بک میں چپکا دیا۔ اگرچہ کمپیوٹر کی خرابی کے لیے بگ کی اصطلاح اس سے پہلے بھی استعمال ہوتی تھی، لیکن اس واقعے نے ڈیبگنگ کی اصطلاح کو کمپیوٹر کی دنیا میں مزید مشہور کر دیا۔
گریس ہاپر بعد میں کمپیوٹر سائنس کی اہم شخصیات میں شمار ہوئیں۔ انہوں نے ابتدائی کمپائلرز میں سے ایک تیار کیا جو انسان کے لیے قابلِ فہم الفاظ کو مشینی ہدایات میں تبدیل کر سکتا تھا اور بعد میں کوبول نامی پروگرامنگ زبان کی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کیا۔ یہ زبان کئی دہائیوں تک بینکاری اور کاروباری دنیا میں استعمال ہوتی رہی۔
اینیاک جیسی مشینوں کا ایک بڑا مسئلہ ان کا بہت بڑا حجم اور نازک ویکیوم ٹیوبز تھیں جو بار بار گرم ہو کر خراب ہو جاتی تھیں۔ اس مسئلے کا حل 1947 میں امریکہ کی بیل لیبارٹریز میں سامنے آیا۔ تین سائنس دانوں جان بارڈین، والٹر بریٹن اور ولیم شاکلی نے ایک چھوٹا لیکن انقلابی آلہ تیار کیا جسے ٹرانزسٹر کہا گیا۔ یہ آلہ ویکیوم ٹیوب کی طرح کام کرتا تھا لیکن کم گرم ہوتا، زیادہ پائیدار تھا اور سائز میں بہت چھوٹا تھا۔ اس ایجاد نے کمپیوٹر کی دنیا کو ہمیشہ کے لیے بدل دیا۔
1952 میں کمپیوٹر نے پہلی بار عام امریکی عوام کی توجہ حاصل کی، وہ بھی ٹیلی ویژن کے ذریعے۔ صدارتی انتخابات کی رات سی بی ایس نیوز نے یونیویک نامی کمپیوٹر کا استعمال کرتے ہوئے یہ اندازہ لگانے کی کوشش کی کہ انتخابات میں کون کامیاب ہوگا۔ ابتدائی نتائج کے ایک بہت چھوٹے حصے کی بنیاد پر یونیویک نے آئزن ہاور کی واضح فتح کی پیش گوئی کی، جبکہ زیادہ تر انتخابی تجزیہ کار ایک قریبی مقابلے کی توقع کر رہے تھے۔ یہ اندازہ اتنا حیران کن تھا کہ سی بی ایس کے حکام نے ابتدا میں اسے نشر کرنے سے انکار کر دیا۔ انہیں خدشہ تھا کہ اگر مشین غلط ثابت ہوئی تو ان کی ساکھ متاثر ہوگی۔ لیکن جیسے جیسے نتائج سامنے آئے، یونیویک کا اندازہ درست ثابت ہوا۔ پہلی بار عام لوگوں نے ٹیلی ویژن پر کمپیوٹر کی حسابی طاقت کا مظاہرہ دیکھا۔
1958 میں ٹیکساس انسٹرومنٹس کے انجینئر جیک کلبی نے ایسا طریقہ دریافت کیا جس کے ذریعے کئی ٹرانزسٹرز اور دیگر برقی حصوں کو ایک ہی چھوٹی سلیکون چپ پر بنایا جا سکتا تھا۔ اسے مربوط سرکٹ یا انٹیگریٹڈ سرکٹ کہا گیا۔ اگلے سال فیئرچائلڈ سیمی کنڈکٹر کے رابرٹ نوائس نے اسی خیال کو مزید عملی اور بڑے پیمانے پر تیار کرنے کے قابل بنایا۔ آج دونوں کو انٹیگریٹڈ سرکٹ کے شریک موجدوں میں شمار کیا جاتا ہے۔
1965 میں فیئرچائلڈ کے ایک اور سائنس دان گورڈن مور نے مشاہدہ کیا کہ ایک چپ پر رکھے جانے والے ٹرانزسٹرز کی تعداد ہر چند سال بعد تقریباً دوگنی ہو جاتی ہے جبکہ ان کی قیمت کم ہوتی جاتی ہے۔ یہ مشاہدہ بعد میں مور کے قانون کے نام سے مشہور ہوا اور کئی دہائیوں تک کمپیوٹر صنعت کی ترقی کی رفتار کو سمجھنے کا ایک اہم پیمانہ رہا۔
ابتدا میں انٹیگریٹڈ سرکٹس اتنے مہنگے تھے کہ عام مارکیٹ میں ان کی مانگ بہت کم تھی۔ پھر امریکہ کا چاند پر انسان بھیجنے کا منصوبہ ان کا ایک بڑا خریدار بن گیا۔ ناسا نے اپالو پروگرام کے لیے بڑی تعداد میں انٹیگریٹڈ سرکٹس خریدے، جس سے ان کی بڑے پیمانے پر پیداوار شروع ہوئی اور قیمتیں کم ہونے لگیں۔ اس طرح چاند پر انسان بھیجنے کی کوشش نے بالواسطہ طور پر اس ٹیکنالوجی کو سستا بنانے میں کردار ادا کیا جو بعد میں گھریلو کمپیوٹرز کی بنیاد بنی۔
1968 میں کمپیوٹر کی تاریخ کا ایک مشہور مظاہرہ پیش کیا گیا جسے بعد میں ’’مدر آف آل ڈیموز‘‘ کہا گیا۔ اسٹینفورڈ ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے سائنس دان ڈگلس اینگل بارٹ نے سان فرانسسکو میں ایک براہِ راست مظاہرے کے دوران کئی ایسی ٹیکنالوجیز دکھائیں جو اس دور میں سائنس فکشن جیسی محسوس ہوتی تھیں۔ ان میں ماؤس کے ذریعے کمپیوٹر کو کنٹرول کرنا، ایک ہی اسکرین پر کئی کھڑکیاں کھولنا، دور بیٹھے شخص کے ساتھ ویڈیو کے ذریعے بات کرنا اور ایک دوسرے سے جڑے ہوئے دستاویزات شامل تھے۔ یہی خیالات کئی دہائیوں بعد عام کمپیوٹر اور انٹرنیٹ کا حصہ بنے۔
1969 میں کمپیوٹر نے ایک ایسا کام انجام دیا جس پر انسانوں کی جان براہِ راست منحصر تھی۔ اپالو 11 مشن کے دوران چاند پر اترنے والے خلائی جہاز میں ایک چھوٹا سا کمپیوٹر موجود تھا جسے اپالو گائیڈنس کمپیوٹر کہا جاتا تھا۔ اس کی طاقت آج کے ایک عام کیلکولیٹر سے بھی کم تھی۔ اس کمپیوٹر کا سافٹ ویئر ایم آئی ٹی کی سائنس دان مارگریٹ ہیملٹن کی ٹیم نے انتہائی احتیاط سے تیار کیا تھا۔
چاند پر اترنے سے چند منٹ پہلے ایک تکنیکی مسئلے کی وجہ سے کمپیوٹر پر اچانک بہت زیادہ ڈیٹا آنے لگا اور بار بار خطرے کے الارم ظاہر ہونے لگے۔ لیکن ہیملٹن کی ٹیم کے سافٹ ویئر کو اس طرح ڈیزائن کیا گیا تھا کہ وہ کم اہم کاموں کو خود چھوڑ کر ضروری کام، یعنی محفوظ لینڈنگ، کو ترجیح دے سکے۔ زمین پر موجود انجینئرز نے صورتحال کو سمجھا اور مشن جاری رکھنے کی اجازت دی۔ کچھ ہی دیر بعد نیل آرمسٹرانگ اور بز آلڈرِن محفوظ طریقے سے چاند کی سطح پر اتر گئے۔
1970 کی دہائی کے وسط تک کمپیوٹر اتنے چھوٹے اور سستے ہو چکے تھے کہ وہ صرف بڑی کمپنیوں اور سرکاری اداروں تک محدود نہیں رہے۔ 1975 میں ایک امریکی کمپنی نے الٹیئر 8800 نامی کمپیوٹر کٹ مارکیٹ میں پیش کی جسے شوقیہ افراد اپنے گھروں میں جوڑ سکتے تھے۔ اس کی تصویر جب ایک مشہور رسالے کے سرورق پر شائع ہوئی تو دو نوجوانوں، بل گیٹس اور پال ایلن، نے اس سے متاثر ہو کر اس مشین کے لیے سافٹ ویئر تیار کیا اور بعد میں اپنی کمپنی مائیکروسافٹ قائم کی۔
اسی زمانے میں کیلیفورنیا میں دو نوجوان، اسٹیو جابز اور اسٹیو ووزنیاک، اپنے گیراج میں ایسا کمپیوٹر تیار کر رہے تھے جسے عام لوگ بھی آسانی سے استعمال کر سکیں۔ اسی سوچ سے ایپل کا آغاز ہوا۔ 1981 میں جب آئی بی ایم نے اپنا ذاتی کمپیوٹر مارکیٹ میں پیش کیا تو یہ واضح ہو گیا کہ کمپیوٹر اب صرف تجربہ گاہوں کی چیز نہیں رہا بلکہ گھروں اور دفاتر کی ضرورت بننے والا ہے۔
اینگل بارٹ کے مظاہرے کے خیالات اسی دور میں زیروکس کی ایک تحقیقی لیبارٹری، زیروکس پارک، تک پہنچے۔ یہاں انجینئرز نے ایسے کمپیوٹر تیار کیے جن میں اسکرین پر تصاویر اور آئیکنز والا گرافیکل انٹرفیس موجود تھا۔ 1979 میں اسٹیو جابز نے اس لیبارٹری کا دورہ کیا اور ان خیالات سے متاثر ہوئے۔ بعد میں ایپل نے 1984 میں میکنٹوش کمپیوٹر پیش کیا، جس نے ماؤس اور گرافیکل انٹرفیس کو عام صارفین تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔
اسی دہائی کے آخر میں کمپیوٹرز کو ایک دوسرے سے جوڑنے کی ایک اور بڑی پیش رفت ہوئی۔ سوئٹزرلینڈ کی ایک تجربہ گاہ میں کام کرنے والے برطانوی سائنس دان ٹم برنرز لی نے 1989 سے 1991 کے درمیان ایک ایسا نظام تیار کیا جس کے ذریعے دنیا بھر کے کمپیوٹرز پر موجود دستاویزات کو آپس میں جڑے ہوئے صفحات کی صورت میں دیکھا جا سکتا تھا۔ انہوں نے اسے ورلڈ وائڈ ویب کا نام دیا۔
اس سے پہلے کمپیوٹر نیٹ ورک زیادہ تر سائنسی اور فوجی اداروں تک محدود تھے، لیکن ورلڈ وائڈ ویب نے عام انسان کے لیے ایک کلک کے ذریعے دنیا بھر کی معلومات تک رسائی ممکن بنا دی۔ آج ہماری جیب میں موجود ایک عام اسمارٹ فون کی پروسیسنگ طاقت اپالو مشن کو چاند تک پہنچانے والے تمام کمپیوٹرز کی مجموعی طاقت سے بھی کہیں زیادہ ہے۔
اکیسویں صدی میں کمپیوٹر صرف حساب لگانے یا دستاویز لکھنے کا آلہ نہیں رہا۔ آج یہی مشینیں زبان سمجھنے، تصاویر پہچاننے اور اپنے تجربات سے سیکھنے کے قابل بھی ہو چکی ہیں۔ اسی ٹیکنالوجی کو آج مصنوعی ذہانت کہا جاتا ہے۔ لیکن اس پوری ترقی کی بنیاد وہی بنیادی تصور ہے جس نے کئی دہائیاں پہلے کمپیوٹر کے نظریے کو شکل دی تھی، یعنی ہدایات اور ڈیٹا کو ایک ساتھ محفوظ رکھنا اور مشین کو ان ہدایات کی بنیاد پر کام کرنے دینا۔
ایک بار پھر بلیچلے پارک کو یاد کریں، جہاں ایک ریاضی دان نے ایسی مشین بنانے میں کردار ادا کیا جس نے لاکھوں جانیں بچانے میں مدد دی، لیکن جسے اپنی زندگی میں وہ عزت اور اعتراف نہیں ملا جس کا وہ مستحق تھا۔ ایلن ٹیورنگ کی موت کے تقریباً ساٹھ سال بعد 2013 میں برطانیہ کی ملکہ نے انہیں باضابطہ معافی دی۔
یہ صورتحال صرف ٹیورنگ تک محدود نہیں تھی۔ جرمنی میں کونراڈ زوزے کی مشین بمباری میں تباہ ہو گئی، اس سے پہلے کہ دنیا اس کی اہمیت کو پوری طرح سمجھ پاتی۔ اینیاک کو چلانے والی چھ خواتین کا کردار کئی دہائیوں تک نظر انداز رہا، اور چاند پر انسان کے پہلے قدم کے پیچھے موجود مارگریٹ ہیملٹن کے کام کو بھی مکمل پہچان بہت دیر بعد ملی۔
آج ہماری جیب میں موجود ایک اسمارٹ فون، جس میں ٹیورنگ کی اس بڑی بومب مشین سے کہیں زیادہ طاقت موجود ہے، ہمیں یاد دلاتا ہے کہ کمپیوٹر کی یہ پوری دنیا کسی ایک لمحے میں وجود میں نہیں آئی۔ یہ سفر گنتی کے موتیوں سے شروع ہوا، دو ہزار سال پرانے کانسی کے گیئرز سے گزرا، ایک نامکمل مشین کے خواب سے آگے بڑھا، جنگ میں تباہ ہونے والی مشینوں سے گزرا، بھلا دی جانے والی خواتین سائنس دانوں کی محنت سے آگے بڑھا اور ان لوگوں کی ذہانت سے تشکیل پایا جنہیں اپنی زندگی میں ہمیشہ وہ پہچان نہیں مل سکی جس کے وہ مستحق تھے۔
شاید کمپیوٹر کی تاریخ کا سب سے اہم سبق یہی ہے کہ جس مشین نے انسانی سوچ کی حدود کو بدل دیا، اس کی بنیاد رکھنے والے کئی لوگوں کی اپنی صلاحیتوں کو ان کے معاشرے نے طویل عرصے تک نظر انداز کیے رکھا۔
